آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سپر 8 مرحلے کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست تو دے دی لیکن رن ریٹ کی بنیاد پر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔
کینڈی میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس کے جواب میں پاکستان نے صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان کی دھواں دار اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا۔
صاحبزادہ فرحان نے شاندار 100 رنز بنا کر تاریخ رقم کر دی اور وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ایک ہی ایڈیشن میں دو سنچریاں اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے جبکہ فخر زمان نے 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور دونوں کے درمیان 176 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت داری قائم ہوئی۔
پاکستان کی اننگز کی خاص بات یہ رہی کہ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا جہاں خواجہ نافع 2، شاداب خان 7 جبکہ محمد نواز اور سلمان آغا صفر پر آؤٹ ہوئے۔
اس اہم میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں کی گئی تھیں جس میں بابر اعظم، صائم ایوب اور سلمان مرزا کو ڈراپ کر کے نسیم شاہ، خواجہ نافع اور ابرار احمد کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔
اگرچہ پاکستان نے یہ میچ جیتا لیکن سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے سری لنکا کو 147 یا اس سے کم رنز پر آؤٹ کرنا لازمی تھا جو کہ ممکن نہ ہو سکا اور یوں نیوزی لینڈ بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ اس گروپ سے انگلینڈ پہلے ہی کوالیفائی کر چکا ہے۔









