جنوبی وزیرستان،معروف فٹبالر سبیل نور کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا

جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا میں بدامنی کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں وزیر فٹبال کلب وانا کے سٹار فٹ بالر سبیل نور کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سٹار فٹ بالر ڈوگ سپورٹس گراؤنڈ میں فٹبال میچ کھیلنے کے بعد اپنے گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں پہلے سے گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے انہیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور اپنے ساتھ کسی نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔

وانا اور جنوبی وزیرستان کی سپورٹس برادری نے اس بزدلانہ واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کھلاڑیوں اور کھیلوں کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ امن کے سفیر کھلاڑیوں کو اس طرح نشانہ بنانا انتہائی ناپسندیدہ اور تشویشناک عمل ہے۔

انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ واقعے کا فوری نوٹس لیں اور سٹار فٹ بالر سبیل نور کی باحفاظت اور فوری بازیابی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔