نورعلی وزیر
جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے علاقے کڑی کوٹ میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جنان کوٹ کے مرکزی گیٹ کے قریب ایک زوردار دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں سکول کی چاردیواری کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مقامی ذرائع کے مطابق نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے دھماکہ خیز مواد سکول کے مرکزی گیٹ کے قریب نصب کیا گیا تھا، جو اچانک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کے باعث سکول کی چاردیواری کا ایک بڑا حصہ مکمل طور پر متاثر اور تباہ ہو گیا۔
سکول انتظامیہ نے افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکے کے وقت سکول میں تعلیمی سرگرمیاں جاری نہیں تھیں،جس کی وجہ سے کوئی طالبہ، استاد یا عملے کا رکن زخمی نہیں ہوا۔
واقعے کے بعد کڑی کوٹ اور وانا کے عوام نے شدید گہرے افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم بچیوں کے تعلیمی اداروں کو ہر قسم کی تخریبی کارروائیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری اور سخت ترین حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں مسلح افراد کی دھمکیوں کے بعد متعدد سرکاری ونجی سکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔









